آذربائیجان کے یوم فتح کی پریڈ، پاکستانی جے ایف 17تھنڈر کی گھن گرج نے لہو گرما دیا

باکو:آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں یوم فتح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر آذربائیجان کے قومی ترانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی۔

آذربائیجان میں کاراباخ کی دوسری جنگ میں شاندار فتح کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آذر بائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاک فوج کے خصوصی دستے نے شرکت کی اور قومی پرچم تھامے ہوئے پاکستانی فوجی دستے نے مہمانوں کو سلامی دی۔

اس موقع پر پاکستان کے جے ایف تھنڈرز اور ایف سولہ طیاروں کی گھن گرج نے دیکھنے والوں کا لہو گرمایا ۔ پاکستانی ہیلی کاپٹروں نے بھی ترکیے اور آذربائیجان کے ساتھ مل کر فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔

معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے موقع پر مجھے دعوت دینے پر صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے 7 طیارے گرائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا یوم فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، پاکستان کے عوام کی طرف سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے نے ہمیشہ دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا، پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے کے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں، افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، پاکستان نے دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے، کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان روانہ

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں امن کے لیےکردار ادا کیا، بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر آذربائیجان اور ترکیےکا شکر گزار ہوں، معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کاحامل ہے۔

آرمینیا کی فوج باکو میں چائے پینے کا خواب دیکھ رہی تھی، ہم نے شکست دی، صدر آذربائیجان

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 44 روزہ جنگ میں ہمارے جوانوں نے جان کی قربانی دے کر فتح حاصل کی، ہماری افواج کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

آرمینیا کی فوج باکو میں چائے پینے کا خواب دیکھ رہی تھی، ان کے ٹینک آج ہمارے پاس ٹرافی کے طور پر سجے ہیں، 8 نومبر کو ہم نے شوشا شہر فتح کیا جو ناقابل تسخیر سمجھا جاتا تھا۔

Scroll to Top