مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھارت اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے گٹھ جوڑ کو کشمیری مسلمانوں کے خلاف مجرمانہ سازش قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔
میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامیانِ جموں کشمیر اپنے مسلم تشخص اور آبائی سرزمین کے تحفظ کے لیے متحد اور پُرعزم ہو جائیں ۔
عزیرغزالی نے کہا کہ بھارت اسرائیلی ماڈل پر عمل کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے، کشمیری شناخت مٹانے اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان بڑھتا ہوا عسکری اور انٹیلی جنس تعاون دراصل دو قابض قوتوں کی گہری سازش ہے جس کا مقصد کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کی تحریکوں کو کچلنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل نے فلسطین میں ظلم، قتلِ عام اور غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، بھارت وہی طرزِ عمل وادی کشمیر میں دہرا رہا ہے ۔
چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی بھارت اور اسرائیل کو مزید جرأت دے رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادی تک کشمیری قوم بھارت کیخلاف مزاحمت جاری رکھے : عزیرغزالی
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت و اسرائیل کے مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیری و فلسطینی عوام کے اقوامِ متحدہ سے تسلیم شدہ حقِ خود ارادیت کے عملی نفاذ کے لیے مؤثر اقدامات کرے ۔
عزیر احمد غزالی نے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم بھارت و اسرائیل کی تمام تر سازشوں، جبر اور آبادیاتی یلغار کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی سرزمین پر کسی بیرونی قبضے کو قبول نہیں کریں گے اور آزادی، انصاف اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو آخری سانس تک جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے استحصالی اتحاد کے مقابلے میں کشمیر اور فلسطین کے عوام ایک ہی صف میں کھڑے ہیں، اور ان کی قربانیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں ۔
وقت آ گیا ہے کہ دنیا انصاف کے تقاضوں کو پورا کرے اور ظلم و جبر کے اس محورِ استحصال کے خلاف فیصلہ کن اقدام اٹھائے ۔




