سوئمنگ پول

گھر میں سوئمنگ پول کیلئے کھدائی کرنے والے شخص کی قسمت چمک اُٹھی

پیرس : فرانس کے شہر لیون کے نواحی علاقے نیوویل سور سون میں ایک شخص کو اپنے گھر کے باغیچے میں کھدائی کے دوران اتفاقاً لاکھوں ڈالر مالیت کا خزانہ مل گیا ۔

مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنے گھر میں سوئمنگ پول تعمیر کرنے کا ارادہ کیا تھا اور اس مقصد کے لیے خود ہی کھدائی شروع کی ۔ تاہم اسے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ چند فٹ نیچے زمین کے اندر ایک ایسا خزانہ دفن ہے جو اس کی زندگی بدل دے گا ۔

کھدائی کے دوران اسے پلاسٹک کے تھیلوں میں بند پانچ سونے کے بسکٹ اور کئی پرانے سکے ملے ۔ بعد ازاں ماہرین نے اندازہ لگایا کہ ان قیمتی دھاتوں کی مجموعی مالیت تقریباً 8 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی ہے ۔

اس غیر متوقع دریافت پر شہری نے فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل افیئرز کو اطلاع دی ۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کسی تاریخی یا آثارِ قدیمہ کے خزانے سے تعلق نہیں رکھتا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں: قازقستان نے ابراہام معاہدے میں شمولیت اختیار کرلی،مزید ممالک بھی شامل ہونگے،ڈونلڈ ٹرمپ

انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ چونکہ اب تک اس خزانے کے ماخذ یا اصل مالک کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور زمین کا پہلا مالک بھی وفات پا چکا ہے، اس لیے فی الحال یہ قیمتی سامان اسی شخص کے پاس رہنے دیا گیا ہے ۔

علاقائی اخبار لی پروگریس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ سونے کے بسکٹ اور سکے انتہائی محفوظ حالت میں ملے تھے ۔ حکام کا  کہنا ہے کہ مزید جانچ کے بعد ہی یہ طے کیا جائے گا کہ آیا یہ خزانہ سرکاری تحویل میں لیا جائے گا یا اسے دریافت کرنے والے شہری کو مستقل طور پر دے دیا جائے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر یونین آف جرنلسٹس کا وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر شدید ردِعمل

Scroll to Top