مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )مظفرآباد میں اجتماعی شادیوں کی رنگا رنگ تقریب میں نادار بچیوں کے چہرے خوشیوں ، انسانیت، محبت اور مسرت کے رنگوں سے جگمگا اُٹھے ۔
یتیم، نادار، سفید پوش اور بے سہارا بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں جہاں پہلے غریب والدین کیلئے محرومیوں کی اداسی بسی تھی، آج وہاں دلہنوں کی مسکراہٹوں نے اُمید، عزت اور وقار کی نئی داستان رقم کر دی ۔
یہ تقریب الرحمٰن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس کا مقصد بے سہارا اور نادار بچیوں کو باعزت اور باوقار طریقے سے رخصت کرنا تھا ۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیرِ حکومت سردار جاوید ایوب نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔
تقریب میں بارہ خوش نصیب دلہنوں نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ ان کے چہروں پر حیا، مسکراہٹ اور اُمید کے حسین امتزاج نے ماحول کو خوشیوں سے بھر دیا ۔
پولیس کے دستے نے دولہا، دلہنوں اور مہمانوں کو سلامی پیش کی، جبکہ منتظمین کی جانب سے شرکائے تقریب کے لیے پُرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا ۔
دلہنوں کو خوبصورت لباس، زیورات اور مکمل جہیز کے ساتھ باوقار طریقے سے رخصت کیا گیا ۔
اس موقع پر بچیوں کے والدین اور سرپرستوں نے خوشی اور شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ کہاکہ الرحمٰن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تمام مخیر حضرات نے جو نیکی کی ہے، اللہ انہیں جزائے خیر دے ۔
آج ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں جنہوں نے ہماری بیٹیوں کے چہروں پر خوشی لوٹا دی ۔
وزیرِ حکومت سردار جاوید ایوب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مخیر حضرات دراصل حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں، اور اس نیک عمل سے معاشرے میں ایک مثبت مثال قائم کر رہے ہیں ۔
میں سمجھتا ہوں کہ آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں اجتماعی شادیوں کی اس روایت کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ایسی بے شمار بچیاں گھروں میں جہیز یا دیگر مسائل کے باعث بیٹھی ہیں، جن کی شادی نہیں ہو پاتی۔ ان کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات، صاحبِ ثروت اور نیک دل لوگوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الرحمن ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ عمل انتہائی قابلِ تعریف اور قابلِ تقلید ہے، جو ہمارے معاشرتی نظام میں تعاون، خیرسگالی اور اخوت کے جذبات کو زندہ رکھتا ہے۔
تقریب سے سابق وزیر محترمہ صدف شیخ، میئر مظفرآباد سید سکندر گیلانی، ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا امیر، ایبکا کے صدر رمضان مغل، سینئرصحافی اور مرکزی ایوان صحافت کے سابق سیکرٹری جنرل بشارت مغل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
مقررین نے کہا کہ ایسی تقریبات ہمارے معاشرے میں محبت، یکجہتی اور احساسِ ذمہ داری کے جذبات کو فروغ دیتی ہیں ۔
تقریب کے دوران سید نظیر حسین شاہ نے بچیوں کا نکاح پڑھایا اور انہیں نکاح کی اہمیت، ازدواجی زندگی کے تقاضوں اور باہمی احترام و محبت کے اصولوں پر مبنی بہترین نصیحتیں کیں۔ ان کے پراثر کلمات نے دلہنوں اور حاضرین دونوں کے دلوں کو چھو لیا ۔
اس موقع پر تقریب کے میزبان سید صدیق حسین شاہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اپنے گھر میں اس بابرکت تقریب کا اہتمام کیا اور ان بچیوں کو بالکل اپنی بیٹیوں کی طرح پیار، عزت اور وقار کے ساتھ اپنے گھر سے رخصت کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ان کا یہ جذبہ انسانیت کی بہترین مثال ہے ۔
تقریب کے آخر میں الر حمٰن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین عبدالحفیظ خان نے آزاد کشمیر کے عوام کے جذبۂ محبت اور خلوص پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے ہمیں جس پیار، احترام اور مہمان نوازی سے نوازا ہے، وہ ہماری زندگی کی قیمتی یاد بن گئی ہے۔ ہم ان کے خلوص کو کبھی نہیں بھلا سکیں گے ۔
انہوں نے اعلان کیا کہ فاؤنڈیشن آئندہ سال پچیس بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام آزاد کشمیر میں کرے گی، اور اپنی تنظیم کو یہاں باقاعدہ رجسٹرڈ کروا کر نیکی، خیر اور فلاحی کاموں میں بھرپور کردار ادا کرے گی ۔
اہلِ علاقہ اور شرکاء نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ یتیم اور بے سہارا بچیوں کے لیے نئی امید بھی پیدا کرتی ہیں ۔




