صادق خان نے ظہران ممدانی کی کامیابی کو ’فنٹاسٹک فتح‘ قرار دیا

لندن: (کشمیر ڈیجیٹل) لندن کے میئر صادق خان نے ظہران ممدانی کے نیویارک کے میئر منتخب ہونے کو ’’فنٹاسٹک فتح‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک کے شہری خوف اور تقسیم کے بجائے امید اور اتحاد کا انتخاب کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اپنے بیان میں صادق خان نے کہا کہ ’’نیویارک کے شہریوں نے جس طرح امید کا راستہ اختیار کیا، یہ لندن کی عوامی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ جیسے لندن میں امید جیتی تھی، ویسے ہی نیویارک میں بھی امید جیت گئی۔‘‘ انہوں نے ظہران ممدانی کو ان کی ’’تاریخی مہم‘‘ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نیویارک کے عوام کے ترقی پسند نظریے کی جیت ہے۔

ظہران ممدانی نے منگل کی شب نیویارک سٹی کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی میئر بن کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ 1892 کے بعد سب سے کم عمر میئر بھی ہیں۔ لندن کے میئر صادق خان نے ممدانی کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’لندن کی طرح نیویارک بھی لبرل، کثیرالثقافتی، ترقی پسند اور کامیاب شہر ہے، جو کچھ صدر ٹرمپ کی نمائندگی ہے، ہم اس کی ضد ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وفد افغان طالبان سے مذاکرات کیلئے استنبول روانہ، خواجہ آصف

صادق خان نے ٹائم میگزین میں لکھے گئے اپنے مضمون میں کہا کہ ’’یہ بات غیر معمولی ہے کہ لندن اور نیویارک جیسے دو عالمی شہروں کے میئر مسلمان ہیں، لیکن اصل بات یہ نہیں ہے۔ ہم نے مذہب کی بنیاد پر کامیابی حاصل نہیں کی بلکہ عوامی مسائل کے حقیقی حل پیش کر کے ووٹرز کا اعتماد جیتا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں کو یکساں نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں، اگرچہ وہ ممدانی سے ہر نکتے پر متفق نہیں، تاہم دونوں کے درمیان امید، برداشت اور تنوع کے مشترکہ اقدار ہیں۔ صادق خان نے اعتراف کیا کہ وہ جانتے ہیں کس طرح مخالفین نے ان کے مسلم ہونے کو منفی رنگ دینے کی کوشش کی، جیسا کہ ممدانی کے ساتھ ہوا۔ لیکن ممدانی نے جرات دکھائی اور اپنی شناخت پر فخر کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صادق خان کے درمیان ماضی میں بھی تلخ بیانات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ 2019 میں ٹرمپ نے انہیں ’’اسٹون کولڈ لوزر‘‘ کہا تھا جبکہ صادق خان نے جواب میں ٹرمپ کو ’’نسل پرست، متعصب، خواتین دشمن اور اسلاموفوبک‘‘ قرار دیا تھا۔ حال ہی میں ٹرمپ نے انہیں ’’خوفناک میئر‘‘ کہا تو صادق خان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’شاید میں ٹرمپ کے ذہن میں کرایہ کے بغیر رہ رہا ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ کے دوران حقیقت میں 8 طیارے گرائے گئے: ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ نے حالیہ انتخابات میں نیویارک کے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ظہران ممدانی کے بجائے سابق گورنر اینڈریو کومو کو ووٹ دیں، ورنہ نیویارک کی فنڈنگ روک دی جائے گی۔ تاہم ممدانی نے اپنی کامیابی تقریر میں ٹرمپ کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آواز اونچی کر لو، میں وہ نظام ختم کرنے جا رہا ہوں جس نے تمہیں ممکن بنایا۔‘‘

خیال رہے کہ برطانوی نژاد پاکستانی سیاستدان صادق خان 2016 میں پہلی بار لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے اور 2021 اور 2024 کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کر کے مسلسل تیسری بار اس عہدے پر فائز ہوئے۔

Scroll to Top