سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، فی تولہ 1300روپے مہنگا ہو گیا

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) سونے کی مسلسل اونچی اڑان جاری ہے، عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن  کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1,300 روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 862 روپے فی تولہ مقرر ہوئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1,115 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 393 روپے میں فروخت ہوا۔

دو روز قبل سونے کے فی تولہ نرخ میں 1,600 روپے کی کمی واقع ہوئی تھی، جس سے قیمت 4 لاکھ 22 ہزار 562 روپے تک گر گئی تھی۔ تاہم پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں بہتری کے باعث مقامی سطح پر بھی سونا دوبارہ مہنگا ہو گیا۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 13 ڈالر اضافے کے بعد 4,015 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 25 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 5,152 روپے فی تولہ ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کے اتار چڑھاؤ، اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان نے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ پیدا کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری، فی تولہ قیمت کیا رہی؟

صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی تیزی برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق دنیا بھر میں مرکزی بینکوں نے 2024ء کے دوران ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو گزشتہ دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دو گنا کے برابر ہے۔ ماہرین کے خیال میں عالمی سطح پر بڑھتی خریداری، ڈالر کی مضبوطی، اور سرمایہ کاری کے رجحان نے قیمتی دھاتوں کی منڈی کو مسلسل فعال رکھا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ناکوں پر لرنر پرمٹ جاری کرنےکا اعلان

پاکستان عالمی سطح پر سونے کے ذخائر کے حوالے سے 49ویں نمبر پر ہے، جب کہ ایشیائی سطح پر چین پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Scroll to Top