اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ناکوں پر لرنر پرمٹ جاری کرنےکا اعلان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) جی اسلام آباد کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت اب شہریوں کو شہر کے مختلف ناکوں پر ہی لرنر پرمٹ (Learner Permit) جاری کیا جائے گا۔

سی ٹی او حمزہ ہمایوں کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے یہ فیصلہ شہریوں کو آسان اور فوری سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری ناکوں پر موجود سہولت وینز کے ذریعے موقع پر ہی لرنر پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی یہ سہولت وینز چار اہم ناکوں پر موجود ہوں گی جن میں زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی 14 اور فارن آفس کے ناکے شامل ہیں۔

سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے شہری ان ناکوں پر موجود وینز سے لرنر پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لائسنس یا پرمٹ کے بغیر گاڑی چلانے والے شہریوں کو موقع پر ہی پرمٹ جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں قانونی طریقے سے ڈرائیونگ کی اجازت دی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تاخیر، وجوہات سامنے آگئیں

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف ناکوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار شہریوں کے لائسنس چیک کر رہے ہیں تاکہ غیر لائسنس یافتہ ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ اس مہم کا مقصد ڈرائیونگ کے حوالے سے شہریوں میں قانون کی پاسداری اور شعور پیدا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ کشمیر مظفرآباد طلبہ کا احتجاج، چہلہ کیمپس تدریسی سرگرمیاں معطل

سی ٹی او حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو شفاف اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ مہم نہ صرف ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر بنائے گی بلکہ عوامی سطح پر قانون کی آگاہی میں بھی اضافہ کرے گی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی یہ کاوش شہریوں کی سہولت اور سڑکوں پر نظم و ضبط کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top