میرپور( آصف اقبال)جامعہ مسجد حسین ایجوکیشن اینڈ اسکل سینٹر میرپور میں ہوپ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام پہلا سالانہ فری آئی کیمپ کامیابی سے منعقد کیا گیا، جس میں 350 سے زائد مریضوں نے شرکت کی ۔
تفصیلی اسکریننگ کے بعد 54 مریضوں کے مفت آپریشن کیے گئے جبکہ دیگر مریضوں کا فری معائنہ کیا گیا۔ جنہیں ضرورت تھی، انہیں مفت چشمے اور آئی ڈراپس بھی فراہم کیے گئے ۔
آئی کیمپ کا انعقاد بغداد ٹور گروپ 2025 کے تعاون سے کیا گیا، جبکہ مریضوں اور اُن کے ہمراہ آنے والوں کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ٹراما اینڈ ایمرجنسی کیئر ورکشاپ کا انعقاد
کیمپ کی خاص بات آزادکشمیرکے شہر بلوچ سے آنے والے ایک ایسے مریض کی آنکھ کا کامیاب آپریشن تھا جو ڈھائی سال سے بینائی سے محروم تھا ۔
اس موقع پر صاحبزادہ علامہ امام اعجاز احمد شامی نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اُس نے ہمیں کامیابی سے نوازا۔ ہوپ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام جامع مسجد حسین، سیکٹر D-4 میں منعقد ہونے والا آنکھوں کا کیمپ بحمداللہ انتہائی کامیاب رہا ۔
ہم نے 350 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور 54 مریضوں کے آپریشن کیے۔ جنہیں ضرورت تھی، اُنہیں مفت چشمے اور آئی ڈراپس فراہم کیے گئے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اُن تمام افراد اور مخیر حضرات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس نیک کام میں ہمارا ساتھ دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہد سردیوں میں توانائی اور قوتِ مدافعت بڑھانے کا قدرتی ذریعہ
میڈیا کے نمائندگان کا بھی ممنون ہوں جنہوں نے اس فلاحی اقدام کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا آئی کیمپ کے کامیاب انعقاد کو میرپور کے عوامی، سماجی اور فلاحی حلقوں نے اُمید و خدمت کی ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔




