بابر اعظم

ٹی20 کرکٹ : بابر اعظم نے روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے ایک اور قابلِ ذکر سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹی20 کرکٹ میں ایک اننگز میں پچاس سے زائد رنز بنانے کے بین الاقوامی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے پاس تھا ۔ بابراعظم نے حال ہی میں روہت شرما کا سب سے زیادہ ٹی20 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا ۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹوں سے فتح سمیٹی اور سیریز دو ایک سے اپنے نام کی ۔

ٹی20 اسکواڈ میں واپسی کے بعد بابراعظم نے اس سیریز میں دوسرا بڑا عالمی ریکارڈ بھی بناتے ہوئے اپنی فارم اور تجربے کا بھرپور ثبوت دیا ۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب دوبارہ بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے ۔تاہم بابراعظم نے ذمہ دارانہ اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا ۔

بابراعظم نے نو دلکش چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی، جو ان کے ٹی20 کیریئر کی 40 ویں نصف سنچری سے زائد اننگز تھی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کا کارنامہ،ٹی 20انٹرنیشنل میں بڑا ریکارڈ بنا لیا

اس طرح انہوں نے 125 میچوں میں 39 مرتبہ پچاس سے زائد رنز بنانے والے ویرات کوہلی اور 159 میچوں میں 37 بار یہ کارنامہ انجام دینے والے روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا ۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اس فہرست میں 106 میچوں میں 31 بار پچاس پلس اننگز کھیل کر چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی ڈیوڈ وارنر 29 مرتبہ پچاس سے زائد رنز بنا کر پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔

جنوبی افریقی کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی پر فہیم اشرف کو بہترین بولر اور بابراعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کرکٹ مجھے جتنا پسند کرتے ہیں میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ ان کی توقعات پر پورا اتروں۔

سٹار کرکٹر کا کہنا تھا کہ کراؤڈ نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا، بڑی اننگز کا طویل عرصے سے انتظار تھا، دباؤ کیسے ہینڈل کرنا ہے یہ ایک بڑا امتحان ہوتا ہے، بیٹنگ مزید بہتر کرنے کی کوشش کی، شروع میں بیٹنگ کرنا مشکل تھی۔

دوسری جانب بابر اعظم کی طویل عرصے بعد شاندار پرفارمنس پر شائقین کرکٹ بھی بے حد خوش دکھائی د ئیے ، شائقین نے کہا ہے بابر اعظم سے اچھی کور ڈرائیو کوئی بھی نہیں کھیل سکتا۔

Scroll to Top