آزادکشمیر کےمفاد پرست سیاستدانوں کاعوام الیکشن میں احتساب کریں: سید ذیشان حیدر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوار اسمبلی اور بین الاقوامی سماجی رہنما سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے لوٹوں اور مفاد پرست سیاستدانوں کا عبرتناک انجام اب قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذاتی مفادات، وزارتوں اور وقتی مفاہمت کے لیے بار بار سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے رہے، ان کا مقدر عوامی نفرت، ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن سمیت آزادکشمیر کے باشعور نوجوانوں کو اب یہ طے کرنا ہوگا کہ ایسے لوٹوں کو ہمیشہ کے لیے سیاست سے باہر کر دیا جائے۔ ان کے مطابق آئندہ انتخابات میں ان کی شکست یقینی بنانا ہر غیرت مند کشمیری کا فرض ہے، تاکہ پڑھے لکھے، دیانتدار اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایوان اقتدار تک پہنچ سکیں اور حقیقی عوامی نمائندگی کا آغاز ہو۔

سید ذیشان حیدر نے کہا کہ کرپٹ اور موروثی سیاسی کلچر نے ریاست کے عوام کی غیرت، عزت اور اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ ہاؤس میں لگی ’’ڈنگر منڈی‘‘ نے ان لالچی اور مفاد پرست سیاستدانوں کی اصلیت دنیا کے سامنے عیاں کر دی ہے۔ آج وہی لوگ عوامی نفرت کا شکار ہیں جنہوں نے چند ٹکوں کے عوض اپنی قیادت، اپنے نظریے اور اپنے عوام سے غداری کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ ڈرامے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے، عطا اللہ تارڑ کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ان موقع پرست عناصر کا مکمل سیاسی احتساب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد آزادکشمیر بھر میں لوٹوں کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی تاکہ عوام کو ان چہروں کی پہچان ہو سکے جنہوں نے ذاتی مفادات کے لیے اپنے ضمیر کا سودا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک نے گلگت بلتستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیے، صدر آصف علی زرداری

سید ذیشان حیدر نے مزید کہا کہ یہ عناصر کبھی بھی حقیقی عوامی نمائندے نہیں تھے اور نہ ہی بن سکیں گے۔ ان کے مطابق آنے والا الیکشن آزادکشمیر کی سیاسی تاریخ کا اہم موڑ ثابت ہوگا، جس میں وفاداری، نظریے اور عوامی خدمت کو فوقیت دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے سے وابستہ مخلص کارکنان ہی عوامی خدمت اور ریاستی وقار کی بحالی کا نیا باب رقم کریں گے۔

Scroll to Top