حویلی: موبائل، انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی ، عوامی تحریک زور پکڑ گئی

حویلی کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل) پلنگی تحصیل ممتاز آباد میں تمام سیلولر کمپنیوں کی سروس کی فراہمی کے حوالے سے جاری تحریک میں تیزی آتی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں ایک ہنگامی مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت انجمن تاجران پلنگی ممتاز آباد کے عہدیداران نے کی۔ اجلاس میں سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلاء، ٹرانسپورٹرز، اور علاقہ معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران مقررین نے کہا کہ ممتاز آباد اور گردونواح کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے سیلولر سروسز سے محروم ہیں، جس کے باعث تعلیمی، کاروباری اور ہنگامی نوعیت کے امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جدید دور میں بھی ممتاز آباد جیسے اہم مقام کے عوام موبائل اور انٹرنیٹ سروس سے محروم ہیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر تمام سیلولر کمپنیوں کی سروس کی فراہمی سے متعلق مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو سخت، منظم اور فیصلہ کن احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عوامی مطالبہ تسلیم نہیں کر لیا جاتا۔

مقررین نے واضح کیا کہ ممتاز آباد کے عوام، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز تحریک میں صفِ اول کا کردار ادا کریں گے اور کسی بھی دباؤ یا وعدۂ فردا سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آخر میں شرکاء نے اتفاقِ رائے سے اعلان کیا کہ وہ بروز منگل دوپہر 1:45 بجے کہوٹہ میں ہونے والی مرکزی میٹنگ میں بھرپور شرکت کریں گے اور اپنے مطالبات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے لیے متحد رہیں گے۔

شرکاء نے حکومتی اداروں اور متعلقہ کمپنیوں سے فوری طور پر علاقے میں سیلولر نیٹ ورک کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ عوام کو جدید رابطوں کی سہولت میسر آ سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی ، اسرا فاؤنڈیشن کے تحت ایمبولینس سروس کا آغاز

Scroll to Top