راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگرد گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ اس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کا ایک اہم گروہ ہلاک ہوا جن میں انتہائی مطلوب خارجی امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی امجد، خوارج کمانڈر نور ولی کا نائب اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تصور کیا جاتا تھا۔ دہشتگرد امجد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ وہ افغانستان میں مقیم ہونے کے باوجود پاکستان کے اندر متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دراندازی کی کوششوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ اپنی موجودگی کا تاثر دیا جا سکے۔ خوارج کا مقصد باجوڑ اور مہمند میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے گرتے ہوئے حوصلے کو بحال کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو تلاش کر کے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت چار دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد کو جہنم واصل کیا اور پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ثالثین کی درخواست پر پاکستان کا افغان طالبان سے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق
انہوں نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اسی طرح شکست دیتے رہیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔




