سمندری طوفان ’ملیسا‘ نے کیریبیئن خطے میں تباہی مچادی ہے۔ طوفان جمیکا اور کیوبا میں شدید نقصان پہنچانے کے بعد بہاماس کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، کیٹگری تھری میں تبدیل ہونے والے اس خطرناک طوفان سے اب تک 30 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں ہیٹی میں 25، جمیکا میں 4 اور ڈومینیکا میں ایک شخص شامل ہے۔
بہاماس کے جنوبی علاقوں میں طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر انخلا کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ متعدد ساحلی علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
کیوبا میں تقریباً 7 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور کئی اہم سڑکیں بند ہیں، جبکہ شدید بارشوں کے باعث امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
جمیکا میں صورتِ حال نہایت تشویش ناک ہے۔ سینٹ الزبتھ کا علاقہ زیرِ آب آگیا ہے، جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے باعث تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور زمین کھسکنے کے واقعات میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ہزاروں مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
Drone footage shows widespread flood damage and debris across Santa Cruz, Jamaica, as cleanup begins after Hurricane Melissa. pic.twitter.com/adtci1atAy
— AccuWeather (@accuweather) October 29, 2025
جمیکا کے وزیراعظم اینڈریو ہولنس نے پورے ملک کو آفت زدہ قرار دے کر عالمی برادری سے امدادی تعاون کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا اور چین کے درمیان کئی معاملات پر اتفاق، ٹرمپ اور شی جن پنگ کی اہم ملاقات
دوسری جانب، امریکا نے طوفان ملیسا سے متاثرہ ممالک میں امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے، جو متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مدد فراہم کرے گی۔




