عازمین حج

سرکاری حج اسکیم 2026: واجبات کی قسط وصولی کا شیڈول جاری

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم 2026 کے تحت واجبات کی قسط وصولی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سرکاری اسکیم کے تحت دوسری اور آخری قسط کی وصولی کا آغاز 3 نومبر 2025 سے ہوگا اور یہ سلسلہ 10 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ بروقت واجبات جمع نہ کرانے والے عازمین حج فہرست سے خارج ہو جائیں گے۔

عازمین اپنی واجبات 14 منتخب بینکوں میں جمع کرا سکیں گے، جبکہ دوسری قسط فی کس چھ لاکھ روپے ہوگی۔ اس کے علاوہ، ڈبل بیڈ فیملی روم کے لیے اضافی 2 لاکھ روپے اور ٹرپل بیڈ فیملی روم کے لیے 67 ہزار روپے فی کس وصول کیے جائیں گے۔

وزارت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ دوسری قسط جمع کرانے کے دوران درخواست گزار پیکج تبدیل کرنے کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، تاہم اس کے بعد تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

پرائیویٹ حج اسکیم کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم اعلان:

پرائیویٹ حج اسکیم 2026 کے لیے وزارت نے بکنگ کی ڈیڈ لائن میں 5 دن کی توسیع کر دی ہے۔ منظور شدہ حج منظم کمپنیوں کو 22 اکتوبر 2025 تک پرائیویٹ حج بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق نجی حج اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 60 ہزار نشستیں رکھی گئی ہیں، جن میں سے 55 ہزار 500 نشستوں پر بکنگ مکمل ہو چکی ہے، اور ساڑھے 4 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔

حج پالیسی 2026 میں نئی شق:

وزارت نے نئی پالیسی کے تحت یہ بھی طے کیا ہے کہ اگر کوئی رجسٹرڈ حاجی بیماری یا وفات کے باعث حج پر نہ جا سکے تو اس کا قریبی رشتہ دار حج کے لیے اہل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی و مقامی مارکیٹوں میں اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 19 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

یہ پالیسی حاجیوں کی سہولت اور عائلی نظام کے تحفظ کے لیے نافذ کی گئی ہے۔

Scroll to Top