سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا حصہ نہ بننے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ اور سیاسی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے اپوزیشن میں اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کرے گی ۔
راجہ محمد فاروق حیدر نےکہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے کسی بھی مرحلے میں شامل نہیں ہوگی اور پارلیمانی پارٹی اپنے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، اس میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ حکومت کے اندر نہیں جائیں گے بلکہ اپوزیشن کی ذمہ دارانہ سیاست کریں گے ۔
اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے بھی واضح اعلان کیا کہ پارٹی حکومت سازی میں حصہ نہیں لے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں : فاروق حیدر
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت کی تشکیل میں شامل نہیں ہوگی
اور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ کر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی ۔
شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نہ صرف اپوزیشن میں موجودگی برقرار رکھے گی بلکہ حکومتی پالیسیاں اور فیصلے عوام کے مفاد میں ہوں یا نہ ہوں، اس پر بھرپور اور مضبوط تنقید کرے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پارٹی کی سیاسی بصیرت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ آزاد کشمیر میں شفاف اور متوازن سیاسی عمل جاری رہے ۔
پارٹی کے یہ بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے بجائے عوام کے حقوق اور شفاف سیاسی عمل کے تحفظ کے لیے اپوزیشن میں فعال کردار ادا کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔




