وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو گیس کنیکشنز کھولنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان آر ایل این جی گیس کنکشنز کے اجرا کی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز ایک اہم ضرورت اور عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “گھریلو صارفین کے لیے گیس کنیکشنز اہم تقاضا تھا۔ حکومت نے اس اہم ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ملک بھر میں گیس کنیکشنز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔”

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے دوران گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھی، اور عوام کے اس اہم مطالبے کو پورا کرنا ممکن نہیں ہو سکا۔ وزیراعظم نے کہا، “اس وقت گیس دستیاب نہیں تھی اس لیے عوام سے معذرت کرنا پڑی، لیکن آج گیس کنیکشنز کی بحالی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔”

شہباز شریف نے بتایا کہ نئے گیس کنیکشنز کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، اور ان کی جلد منظوری سے شہریوں کو گھریلو گیس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ملک کی توانائی کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2013 میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے زائد تھا، لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے اندھیروں کے خاتمے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا، “ہم شبانہ روز محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں اور عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔”

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو پاکستان کیخلاف افغان طالبان حمایت مہنگی پڑ گئی

اس اقدام کے بعد ملک بھر کے شہری گھریلو گیس کنیکشنز کے لیے درخواست دے سکیں گے اور ان کی منظوری کے بعد انہیں بروقت گیس فراہم کی جائے گی۔ یہ قدم عوام کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں سہولت اور شفافیت کو بھی فروغ دے گا۔

Scroll to Top