کوالالمپور: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے چند دنوں میں ہی افغانستان سے جنگ کا معاملہ حل کرلیا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 47 ویں آسیان ممالک کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں اور اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران ایک بار پھر پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستانی فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہترین انسان ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ کا سنا تھا لیکن یہ معاملہ جلد حل ہوگیا۔” انہوں نے کہا کہ “مجھے جنگیں رکوانا پسند ہے، میں تجارت کے ذریعے جنگیں رکواؤں گا۔ ہم جنگ نہیں بلکہ تجارت چاہتے ہیں۔” ٹرمپ کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا امن معاہدہ لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے پر ملائیشیا میں دستخط کیے گئے۔
امریکی صدر نے جولائی میں مداخلت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جاری پانچ روزہ خونریز سرحدی تنازع کو ختم کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔ یہ معاہدہ امریکی صدر کی کوالالمپور آمد کے فوراً بعد آسیان کے سربراہی اجلاس کے موقع پر طے پایا۔ صدر ٹرمپ آسیان ممالک کے 47 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچے، جہاں دارالحکومت کوالالمپور میں ملائیشین وزیراعظم نے ریڈ کارپٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر نہایت پرجوش نظر آئے۔ انہوں نے اسٹاف اور ملائیشین وزیراعظم کے ساتھ روایتی انداز میں رقص کیا اور امریکا و ملائیشیا کے پرچم لہرائے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای 2025 ویزا پالیسی اپڈیٹ: 107 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا لازمی قرار




