ڈھکن غائب

لندن : ایک ہی رات میں 21 گٹروں کے ڈھکن غائب ،شہری حیران و پریشان

لندن کے مضافاتی علاقے اورپنگٹن میں ایک انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب صبح مقامی افراد نے جاگ کر دیکھا کہ ان کی گلی کے تقریباً تمام گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں ۔

یہ واقعہ ایجووڈ ڈرائیو پر پیش آیا جہاں اکیس (21) مین ہول کور ایک ہی رات میں چرا لیے گئے ۔ ابتداء میں رہائشی اس عجیب صورت حال پر پریشان تھے اور سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ آخر ان کے علاقے میں یہ سب کچھ کیسے ہوا ۔

مقامی میڈیا کے مطابق بعد ازاں ایک گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج نے معاملے کی گتھی سلجھا دی ۔ ویڈیو میں ایک نقاب پوش شخص کو رات تقریباً ایک بجے کے قریب گٹروں کے ڈھکن اتارتے اور انہیں ساتھ لے جاتے دیکھا گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قبض کا توڑ،کنگز کالج لندن کے ماہرین نے نئے اصول وضع کردیئے

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی غالباً ایک ہی شخص نے تنہا انجام دی ، جس کا مقصد چوری کیے گئے ڈھکنوں کو اسکریپ میٹل کے طور پر فروخت کرنا تھا ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان سمیت کئی دوسرے ممالک میں بھی گٹروں کے ڈھکنوں کی پراسرار گمشدگی کوئی نئی بات نہیں ۔ ہمارے شہروں میں آئے روز اس نوعیت  کی وارداتیں دوجنوں پیش آتی رہتی ہیں ۔

ماضی میں لوگ سمجھتے تھے کہ یہ ڈھکن شاید کسی بھاری گاڑی کے دباؤ سے ٹوٹ کر اندر گر جاتے ہیں ، مگر وقت کے ساتھ انکشاف ہوا کہ یہ سب منظم چوریاں ہیں ۔    اکثر ایسے افراد کے ہاتھوں جو نشے کے عادی ہوتے ہیں اور اپنی عادت پوری کرنے کے لیے اسکریپ فروخت کر کے پیسہ کماتے ہیں ۔

یوں بظاہر معمولی نظر آنے والی یہ چوریاں دراصل معاشرتی اور معاشی زوال کی ایک تلخ جھلک پیش کرتی ہیں ۔

Scroll to Top