سمعیہ ساجد

اسلاف کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے : سمعیہ ساجد

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ) سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ اپنے اسلاف کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق دارالحکومت مظفر آباد میں یومِ تاسیس کی مختلف تقریبات میں شرکت کے دوران انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم کانفرنس کی تاریخ قربانیوں، استقامت، اور نظریاتی وابستگی کی تابناک مثالوں سے بھری پڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 1947 میں ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے پاکستان کے قیام سے 23 دن قبل مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام صدر مسلم کانفرنس سردار ابراہیم خان کی رہائش گاہ سرینگر میں قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کو پاکستان سے وابستہ کر لیا تھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم سے نجات حاصل کر کے ہمارے ساتھ ہوں گے ۔ صدر مسلم کانفرنس سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں جو تاریخی جدوجہد ہوئی، اسی کی بدولت 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت کی بنیاد پڑی ۔

اُن عظیم رہنماؤں چوہدری غلام عباس، غازی ملت سردار ابراہیم خان اور مجاہدِ اوّل سردار عبدالقیوم خان نے اس تحریک میں کشمیری قوم کی نمائندگی کی اور آزادی کی راہ ہموار کی ۔

چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن ویمن الرٹ فورم (کواف) نے زور دیاکہ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو ان کوحقِ خودارادیت نہ ملے تب تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جامعہ پونچھ راولاکوٹ میں یومِ تاسیسِ آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے پُروقار تقریب

انہوں نے اہلِ وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے قیمتی اثاثے یعنی شہداء اور مجاہدین کی جدوجہد کو فراموش نہ ہونے دیں اور ہر سطح پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کریں ۔

سمعیہ ساجد نے بین الاقوامی انسانی المیہ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے نہتے اور مظلوم مسلمانوں پر جاری بمباری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی میں سختی سے مذمت کرتی ہوں ۔

عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اس ظلم کا نوٹس لیں۔ کشمیر اور فلسطین میں نہتے مسلمان مارے جا رہے ہیں، اور عالمی خاموشی ناقابلِ فہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا جو سفر تیزی سے جاری ہے، وہ کشمیری قیادت کی بصیرت اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کے عوام کو اپنے اسلاف کا شکر گزار ہونا چاہیے جنہوں نے قربانیوں اور عزم کے ساتھ اس خطے کو آزادی جیسی نعمت سے ہمکنار کیا ۔

    سمعیہ ساجد نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے تاریخی مشن پر قائم ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنے نامکمل ایجنڈے مکمل آزادی اور پاکستان سے الحاق کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

Scroll to Top