سردار عتیق سے فاروق حیدراور شاہ غلام قادر کی الگ الگ ملاقاتیں، اہم مشاورت

راولپنڈی/اسلام آباد:صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سے ان کی رہائش گاہ پرسابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور صدر مسلم لیگ (ن) شاہ غلام قادر نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جس میں سیاسی صورتحال پر ایک مشاورت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سے ان کی رہائش گاہ پرسابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اہم ملاقات کی ، ملاقات میں چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں آزادکشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدازاں صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمد خان سے مجاہد منزل میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے بھی ملاقات کی۔

مسلم لیگ ن کی قیادت کی سردارعتیق خان سے ملاقاتوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے حالانہ مسلم کانفرنس اور ن لیگ کی طرف سے ملاقاتوں کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے قبل ازیں وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے بھی ملاقات کی تھی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ(ن ) آزادکشمیر نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے اور شاہ غلام قادر کا کہنا ہے کہ ہمارافیصلہ اٹل ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے ۔

Scroll to Top