اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی حکومت کا پاکستانی پاسپورٹ کا ڈیزائن مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ ۔ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اس ضمن میں وزارتِ داخلہ سے باضابطہ اجازت حاصل کر لی ۔
نئے پاسپورٹ میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی حامل عمارات کی تصاویر شامل کی جائیں گی، تاکہ قومی ورثے کی نمائندگی کی جا سکے۔
نئے ڈیزائن کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز کا بھی اضافہ کیا جائے گا جن سے جعل سازی کی روک تھام اور دستاویز کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق جدید پاسپورٹ کی پرنٹنگ کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔
اسلام آبادڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (ڈی جی آئی پی) نے مالی سال 2025-26 کیلئے پاکستانی پاسپورٹ کی تجدید فیس کا اعلان کر دیا ہے۔
پاسپورٹ کی تجدید کے اخراجات اس کی مدتِ کار (پانچ یا دس سال) اور صفحات کی تعداد (36، 72 یا 100) کے مطابق مختلف ہوں گے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پانچ سالہ پاسپورٹ کے لیے 36 صفحات والے عام پاسپورٹ کی فیس 4,500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ فاسٹ ٹریک سروس کے تحت یہی پاسپورٹ 7,925 روپے میں تجدید ہوگا۔ اسی طرح 72 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 8,200 روپے اور فاسٹ ٹریک فیس 11,925 روپے ہوگی، جبکہ 100 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 9,000 روپے اور فاسٹ ٹریک کی صورت میں 14,925 روپے ہوگی۔
دس سالہ پاسپورٹ کی فیس نسبتاً زیادہ ہے۔ 36 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 6,700 روپے اور فاسٹ ٹریک کے لیے 11,925 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 72 صفحات کے دس سالہ پاسپورٹ کی فیس عام طور پر 12,825 روپے اور فاسٹ ٹریک کے لیے 19,125 روپے ہوگی، جبکہ 100 صفحات والے پاسپورٹ کی فیس 13,725 روپے (عام) اور 24,525 روپے (فاسٹ ٹریک) مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فاسٹ ٹریک پروسیسنگ کے لیے اضافی چارجز لاگو ہوں گے، جیسا کہ ویزا فوٹو (VisaFoto) کی رپورٹ میں بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ تمام فیسیں تازہ ترین دستیاب معلومات پر مبنی ہیں، تاہم حکومت وقتاً فوقتاً ان نرخوں میں تبدیلی کر سکتی ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درست اور تازہ ترین معلومات کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی سرکاری ویب سائٹ یا قریبی پاسپورٹ دفتر سے رجوع کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بیوروکریسی میں اُکھاڑ پچھاڑ، کمشنر پونچھ مسعود الرحمن تبدیل




