اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی حکومت نے سونےکی درآمد اور برآمد پر پابندی ختم کرنےکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق سونے کی تجارت پر پابندی ہٹانے کے لیے سمری ای سی سی کو بھیجی جائے گی۔
ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی میں سونےکی ایکسپورٹ،امپورٹ پرپابندی عائد کی گئی تھی۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق سونےکی اسمگلنگ کی شکایت پر درآمد اور برآمد پر پابندی لگائی گئی تھی۔
ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں سونے کی اسمگلنگ کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
شماریات پاکستان کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا تھا کہ جون اور جولائی میں بالکل بھی سونا درآمد نہیں ہوا، جبکہ مئی میں صرف 9 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا تھا، جس کی مالیت 9 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھی، یہ سونا زیادہ تر ایس آر او معطلی سے پہلے بھیجی گئی شپمنٹس کا حصہ تھا، اس کے برعکس جولائی 2024 میں سونے کی درآمدات 22 لاکھ ڈالر تک ریکارڈ کی گئی تھیں۔
وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط میں اپیل کی تھی کہ جیولری ایکسپورٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بہت سے برآمد کنندگان نے قانونی معاہدوں کے تحت خام سونا وصول کر کے جیولری تیار کر لی تھی کہ اچانک نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا، جس سے سپلائی چین ٹوٹ گئی اور عالمی خریداروں کا اعتماد مجروح ہوا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایمیزون سروسز میں تکنیکی خرابی نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا




