ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ترکش کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا۔ بوئنگ 747 ماڈل کا یہ طیارہ رن وے 07ایل پر لینڈنگ کرتے ہوئے اچانک بائیں طرف پھسلا اور سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حادثہ صبح 3 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ تصادم کے بعد طیارہ رن وے سے پھسلتا ہوا سمندر میں جاگرا اور جزوی طور پر ڈوب گیا۔ خوش قسمتی سے طیارے کے چار رکنی عملے کو بحفاظت بچا لیا گیا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق سیکیورٹی گاڑی معمول کے گشت پر تھی اور کسی غیر معمولی راستے پر نہیں جا رہی تھی۔ طیارہ لینڈنگ کے دوران بظاہر معمول کے مطابق تھا، کیونکہ پائلٹ نے کسی تکنیکی خرابی کی اطلاع نہیں دی تھی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق لینڈنگ کے وقت موسم بھی معمولی نوعیت کا تھا۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور رن وے کے اطراف کو عارضی طور پر بند کر دیا۔ شمالی رن وے کو حفاظتی معائنے کے بعد دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ جنوبی اور مرکزی رن ویز پر پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی جامع تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تحقیقات میں طیارے کی حالت، موسم، رن وے کی صورتحال اور پائلٹ کی کارکردگی جیسے عوامل کو شامل کیا جائے گا تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
امارات ایئرلائنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیارے میں کوئی مسافر یا کارگو موجود نہیں تھا، اور عملے کے تمام اراکین محفوظ ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایئرلائن حکام مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے اسپنر مہاراج پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں واپس آگئے
یہ واقعہ ہانگ کانگ ایئرپورٹ کی 25 سالہ تاریخ کے سنگین ترین حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ اتھارٹی اور ایئر حادثہ تحقیقات یونٹ اس واقعے کے اسباب جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔




