بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)سردیوں کی آمد، فوگ و دھند کے خدشات کے باعث محکمہ انتظامیہ و ٹریفک پولیس کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ضلع بھمبر اور تحصیل برنالہ میں فوگ اور دھند پڑنے کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے ۔ دھند کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے سے ہر سال متعدد حادثات پیش آتے ہیں جن کی بڑی وجہ موٹر سائیکلوں کی فرنٹ و بیک لائٹ نہ ہونا اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز کی عدم موجودگی ہے ۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بھمبر، اسسٹنٹ کمشنر برنالہ اور ٹریفک پولیس انچارج بھمبر و برنالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوگ اور دھند کے موسم سے قبل ہی مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کا 78واں یومِ تاسیس،دودھنیال میں کرکٹ فیسٹیول کی تیاریاں مکمل
جن موٹر سائیکلوں کی بیک لائٹ یا فرنٹ لائٹ خراب یا غائب ہو، ان کے مالکان کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور گاڑیاں تھانوں میں بند کی جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے ۔
مزید برآں عوامی نمائندوں نے کہا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالیوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں پر چمکدار ریفلیکٹر پٹیاں لازمی طور پر نصب کروائی جائیں تاکہ رات کے وقت اور دھند کے دوران حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے ۔
عوامی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو سردیوں کے دوران حادثات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ انتظامیہ سے توقع ہے کہ اس سال مؤثر حکمتِ عملی کے تحت حادثات کی شرح میں واضح کمی لائی جائے گی ۔
دوسری طرف سماجی تنظیموں نے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے اپیل کی ہے کہ عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے تاکہ شہری فوگ کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سڑکوں پر سفر محفوظ بنایا جا سکے۔




