مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل):جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے 25 کروڑ عوام صبحِ آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ آزادی کشمیر دراصل تحریکِ پاکستان ہی کا تسلسل ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ ہندوستان نے 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر پر جبری فوجی قبضہ کیا، جسے کشمیریوں سمیت پوری دنیا نے تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے، جو ایک عالمی عہد ہے۔ فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کاساتھ دینے والے تمام ممالک برابر کے مجرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “حماس نے اپنے حالات کے مطابق جو فیصلہ کیا وہ سب کو قبول ہے، اسرائیل نے امن معاہدے کے بعد 35 خلاف ورزیاں کیں۔”
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل نے کہاکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں کیونکہ ان کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام اراکینِ جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، کنوینئر حریت کانفرنس غلام محمد صفی، میاں مقصود احمد اور راجہ جہانگیر خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت ہی عوامی مسائل کی اصل ذمہ دار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان بننے کے بعد بھی انگریزوں کا بنایا ہوا نظام چلا رہا ہے جو حکمرانوں کی عیاشی کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی اس فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے اللہ کے دیے ہوئے نظامِ عدل کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے والوں کا مقابلہ “منو قابل پروگرام” کے ذریعے کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی ایک جمہوری جماعت ہے جو رائے عامہ کو منظم کرکے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے اراکینِ جنرل کونسل پر زور دیا کہ وہ عوام کے اندر رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے جے ایف-17 بلاک تھری طیارے فضائی مشق کیلئے آذربائیجان پہنچ گئے
ان کا کہنا تھا کہ عوام 78 برسوں سے مسلط قیادت سے مایوس ہو چکے ہیں، اب وقت ہے کہ وہ جماعت اسلامی پر اعتماد کریں اور حقیقی تبدیلی کا ساتھ دیں۔ آخر میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔




