سوات اور گردونواح میں 4.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، شہری خوفزدہ

(کشمیر ڈیجیٹل) اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور اس کے گردونواح میں 4.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کے علاقے میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 50 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عمارتیں لرزنے پر لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ عینی شاہدین کے مطابق جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے جس کے بعد شہری سڑکوں اور کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔

نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کے بعد ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے تفصیلات اکٹھی کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ آفٹر شاک یا ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

اس سے قبل جمعہ کی دوپہر اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور میں 5.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ زلزلہ شام 5 بج کر 15 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کا مرکز بھی افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 120 کلومیٹر تھی۔

5.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے سوات، چترال، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، بونیر، کوہستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول غذر، جگلوٹ اور گلگت میں بھی محسوس کیے گئے۔ دونوں زلزلوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم گزشتہ چند روز میں مسلسل جھٹکوں نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک کے دوران عمارتوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع حویلی کے گاؤں کلساں زیریں میں ایک بار پھر تیندوا دیکھا گیا، عوام خوفزدہ

Scroll to Top