بیروت:لبنان کی عدلیہ نے لیبیا کے (مرحوم) رہنما معمر قذافی کے صاحبزادے ہانیبال قذافی کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت کی رقم ایک ارب امریکی ڈالر مقرر کردی ہے ۔ رہائی کے بعد ہانیبال قذافی پر سفری پابندیاں عائد رہیں گی ۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی جوڈیشل انتظامیہ نے فیصلہ دیا ہے کہ ہانیبال قذافی کو طویل حراست کے بعد ضمانتی رقم جمع کروانے پر رہا کیا جائے گا ، تاہم وہ لبنان سے باہر سفر نہیں کر سکیں گے ۔
ہانیبال قذافی کو 2015ء میں شام سے اغواء کر کے لبنان منتقل کیا گیا ، جہاں بعد میں لبنانی حکام نے انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور افغانستان کی جنگ ختم کرنا میرے لیے بہت آسان ہے،ڈونلڈ ٹرمپ
لبنان کی شیعہ برادری نے ہانیبال قذافی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے 1978ء میں شیعہ عالم اور امل تحریک کے بانی امام موسیٰ الصدر کی گمشدگی کے حوالے سے معلومات چھپائیں ۔ اس وقت ہانیبال قذافی کم عمر تھے ۔
یاد رہے کہ لبنانی شیعہ برادری کا مؤقف ہے کہ اس واقعے میں براہِ راست کرنل معمر قذافی ملوث تھے اور انہوں نے امام موسیٰ الصدر اور ان کے دو ساتھیوں کو طرابلس کے دورے کے دوران اغواء کروایا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دفاعی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، فنانشل ٹائمز
دوسری جانب اُس وقت کی لیبیائی حکومت نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ امام موسیٰ الصدر اور ان کے رفقاء لیبیا سے روانہ ہو کر اٹلی جا چکے ہیں ۔
ہانیبال قذافی کی ممکنہ رہائی لبنان میں ایک سیاسی اور عدالتی موڑ تصور کی جارہی ہے، جس کے خطے کی فرقہ وارانہ سیاست اور لبنانی- لیبیائی تعلقات پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے ۔




