کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کی ضلعی انتظامیہ کوٹلی نے عوامی سلامتی اور امن و امان کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں ڈرون اور کوآڈ کاپٹرز (Drones/Quadcopters) کے استعمال، خرید و فروخت اور پرواز پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹلی وقار احمد راجہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ مختلف سیاسی، سماجی اور ثقافتی تقریبات کے دوران لوگ ڈرون یا کوآڈ کاپٹرز کے ذریعے فوٹوگرافی اور ویڈیوز بنانے کے لیے ان کا استعمال کر رہے ہیں۔ نوٹس میں بتایا گیا کہ یہ آلات عوامی تقریبات یا اجتماعات میں غلط ہاتھوں میں جا کر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق بعض عناصر ان آلات کو غیر قانونی، خطرناک یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے اور عوامی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور قانون و نظم برقرار رکھنے کے لیے ڈرونز اور کوآڈ کاپٹرز کی خرید و فروخت، استعمال اور پرواز پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1998 کی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس آرڈر کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ضابطہ فوجداری 1860 کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس کے مطابق یہ حکم 13 اکتوبر 2025 سے نافذالعمل ہو گیا ہے اور یہ دو ماہ یعنی 62 دن کی مدت کے لیے مؤثر رہے گا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وقار احمد راجہ نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد عوامی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ حکم نامے کی نقول چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد، ڈپٹی کمشنر، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس، سپرنٹنڈنٹ پولیس رورل، تمام سب ڈویژنل مجسٹریٹس، تمام تھانہ انچارجز اور اطلاعات و نشریات کے محکموں کو آگاہی اور عمل درآمد کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جھوٹ اور پراپیگنڈا نے بھارتی فوج کو ’تماشہ‘ بنا دیا: پاک فوج
یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ ہے اور ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ امن و امان برقرار رہے۔




