امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اطالوی خاتون وزیراعظم جارجیا میلونی کے لیے تعریفی الفاظ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے۔ اجلاس کے موقع پر ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں کسی خاتون کے لیے اس طرح کے الفاظ استعمال کرنا سیاسی خطرہ سمجھا جاتا ہے، لیکن وہ یہ موقع لینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے میلونی کو ایک نوجوان اور خوبصورت خاتون قرار دیا۔
اپنی تقریر کے دوران ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر امریکا میں کسی خاتون کے لیے لفظ خوبصورت استعمال کیا جائے تو یہ سیاسی کیریئر کے اختتام کے مترادف سمجھا جاتا ہے، تاہم وہ یہ خطرہ مول لے رہے ہیں۔
Trump to Giorgia Meloni:
“In the U.S., if you tell a woman she’s beautiful, your political career is over. But I’ll take my chances. You won’t be offended if I say you’re beautiful, right?“
— Spencer Hakimian (@SpencerHakimian) October 13, 2025
گفتگو کے دوران ٹرمپ نے اطالوی وزیراعظم کو تلاش کرتے ہوئے پوچھا کہ وہ کہاں ہیں۔ اس وقت وزیراعظم جارجیا میلونی ان کے پیچھے کھڑی مسکرا رہی تھیں۔ بعدازاں ٹرمپ نے پیچھے مڑ کر میلونی سے کہا کہ اگر انہیں خوبصورت کہا جائے تو وہ امید کرتے ہیں کہ انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، کیونکہ وہ واقعی خوبصورت ہیں۔
ٹرمپ نے ان کی سیاسی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جارجیا میلونی ایک کامیاب سیاستدان ہیں جنہیں اٹلی میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی موجودگی باعثِ خوشی ہے۔ غزہ امن اجلاس میں جارجیا میلونی واحد خاتون رہنما تھیں جو تقریباً 30 عالمی رہنماؤں کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھیں۔ ٹرمپ نے انہیں غیر معمولی قیادت کی حامل شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات اور اندازِ قیادت کو اٹلی میں بے حد سراہا جاتا ہے۔
ٹرمپ کے یہ جملے اجلاس کے دوران کیمرے میں ریکارڈ ہوئے اور سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھے گئے، جس کے بعد یہ گفتگو عالمی سطح پر موضوعِ بحث بن گئی۔




