شرم الشیخ: غزہ سربراہی اجلاس کے دوران انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو وہاں موجود مائیک میں ریکارڈ ہوگئی۔ گفتگو میں انڈونیشین صدر ٹرمپ سے اُن کے بیٹے ایرک ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست کرتے سنائی دیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹرمپ نے غزہ پر مرکوز مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں خطاب کے بعد انڈونیشین صدر پرابوو سے غیر رسمی گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں کو ویڈیو فوٹیج میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ ان کی بات چیت مائیک پر ریکارڈ ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریکارڈ شدہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ پرابوو سبیانتو ایک ایسے علاقے کا ذکر کرتے ہیں جو سلامتی کے لحاظ سے غیر محفوظ ہے، اور پھر ٹرمپ سے پوچھتے ہیں: “کیا میں ایرک سے ملاقات کر سکتا ہوں؟” اس پر ٹرمپ جواب دیتے ہیں: “میں ایرک کو فون کرنے کو کہوں گا، ٹھیک ہے؟ وہ بہت اچھا لڑکا ہے، میں اپنے بیٹے کو کہوں گا کہ آپ کو فون کرے۔”
پرابوو جواباً کہتے ہیں، “ہم اس کے لیے بہتر جگہ دیکھ لیں گے،” جس پر ٹرمپ دوبارہ کہتے ہیں، “میں ایرک کو کہوں گا کہ وہ آپ کو کال کرے۔”
ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو نائب صدور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ادارہ ریئل اسٹیٹ اور بلاک چین سے متعلق کاروباروں میں سرگرم ہے۔
وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں انڈونیشین سفارت خانے نے اس غیر متوقع گفتگو پر تاحال کوئی ردعمل یا تبصرہ جاری نہیں کیا۔
Trump’s conversation with Indonesian President Prabowo Subianto is caught on a hot mic. Hard to tell exactly what they are talking about, but Subianto asks Trump about meeting Eric Trump and Don Jr, who supposedly have nothing to do with government while they run the family… pic.twitter.com/HiBL0ZWKPp
— Aaron Rupar (@atrupar) October 13, 2025
واضح رہے کہ یہ عالمی سربراہی اجلاس غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد منعقد ہوا، جس میں متعدد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران امریکا سمیت مصر، ترکی اور قطر کے سربراہان نے مشترکہ طور پر غزہ امن معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے گریڈ 20 کے افسر کوبرطرف کر دیا




