سماہنی بازاروں میں فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد

(کشمیر ڈیجیٹل)تحصیل سماہنی کے مختلف بازاروں میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری رہیں، عوام کو ناقص اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والے متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران جرمانے عائد کیے گئے اور اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

ڈی ایف سی راجہ محمود علی خان کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی ٹیم نے سماہنی کے مرکزی بازار، چوکی بازار اور جنڈالہ بازار کا دورہ کیا۔ دورانِ وزٹ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف کریانہ سٹورز اور ایسی دکانوں کا معائنہ کیا جہاں ڈیفریزر میں رکھی آئس کریم موجود تھی۔ چیکنگ کے دوران غیر معیاری آئس کریم کو موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ صرف رجسٹرڈ کمپنیوں کی اشیاء فروخت کریں جن کے متعلقہ ڈاکومنٹس اور فہرستیں ان کے پاس موجود ہوں۔

مزید برآں، بیکریوں، شوارما پوائنٹس، ملک شاپس اور ہوٹلوں کو بھی چیک کیا گیا۔ ناقص صفائی اور غیر معیاری کیچپ کے استعمال پر جرمانے عائد کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر پر آمد و رفت بند، پاک افغان کشیدگی میں اضافہ

فوڈ اتھارٹی ٹیم بھمبر نے تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو تنبیہ کی کہ وہ صرف رجسٹرڈ کمپنیوں کا سامان فروخت کریں تاکہ عوام کو صاف اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔ بصورت دیگر فوڈ اتھارٹی قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top