سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر آزادکشمیر میں معروف برانڈ سیل کردیا گیا

سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر آزاد کشمیر کے معروف برانڈ “ڈائنر” (DINER) کو محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) میرپور نے کمشنر سید انصر علی کے احکامات پر سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، ڈائنر پر 6.4 ملین روپے کے سیلز ٹیکس واجبات تھے جن کی عدم ادائیگی پر محکمہ کی ٹیم نے باضابطہ کارروائی کرتے ہوئے شاپ کو سیل کیا۔یہ اقدام حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے اور ریونیو ڈسپلن کے قیام کے لیے کیے جانے والے سلسلے کی ایک کڑی تھا۔

بعد ازاں ڈائنر کی انتظامیہ نے محکمہ انلینڈ ریونیو سے رابطہ کر کے واجب الادا سیلز ٹیکس میں سے 3.4 ملین روپے کی ادائیگی کر دی، جبکہ باقی 3.0 ملین روپے کی ادائیگی آئندہ 10 تا 15 دن میں کرنے کی تحریری یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ادارے کی جانب سے جزوی ادائیگی اور بقایا رقم کی واضح یقین دہانی کے بعد ڈائنر کو باضابطہ طور پر ڈی سیل کر دیا گیا۔

ڈی سیل کی کارروائی اسسٹنٹ کمشنر انلینڈ ریونیو مختار احمد اور انسپکٹر طارق ایوب کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان جارحیت اور پاکستانی ردعمل کو پاک افغان عوام کے درمیان جنگ نہ سمجھا جائے،سکیورٹی ذرائع

محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) میرپور نے تمام کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ٹیکس واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔محکمہ ریونیو ڈسپلن، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

Scroll to Top