پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر کے اضلاع بھمبر اور وادی نیلم میں بھی قومی انسدادِ پولیو مہم 13 سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران بھمبر میں 81 ہزار سے زائد جبکہ وادی نیلم میں 38 ہزار 693 بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام تر تیاریاں مکمل اور پلان آف ایکشن واضح کرلیا گیا ہے۔
بھمبر میں مہم کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارم بتول اور ایس پی خواجہ عبدالقیوم کے ہمراہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم میں پولیس، انتظامیہ اور مجسٹریٹس کی ٹیموں کا بھرپور تعاون شامل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر گذشتہ 24 برس سے پولیو فری ریاست ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہیں اور عوامی صحت کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ڈی سی بھمبر نے ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اس بار بھی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈی ای او چوہدری محمد اکرم، ڈاکٹر محمد عمران صدیق، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عدنان مختار، اے ڈی وقاص نصر، محمد عمر اور اللہ دتہ سمیت دیگر افسران شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک موت و زندگی کی کشمکش میں، خاموشی جرم ہوگی:مشعال ملک کاوڈیو پیغام
ادھر وادی نیلم میں بھی پولیو مہم کا آغاز ڈی ایچ او آفس آٹھمقام میں ہوا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام نبی، ڈی ایس پی سردار ظہیر، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، مبشر گیلانی اور خواجہ لشکر حسین آزاد نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ وادی نیلم میں پولیو مہم کے لیے 220 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔




