فلپائن کے جزیرے مینڈاناؤ کے ساحل کے قریب ہولناک زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 10 اکتوبر کی صبح 9 بج کر 43 منٹ پر فلپائن کے جزیرے مینڈاناؤ 7.4 شدت کا زلزلے نے علاقے کو ہلاکر رکھ دیا جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔
فلپائنی میڈیا کے مطابق منڈاناؤ جزیرے کے دارالحکومت ڈیوس میں زلزلے کے جھٹکے آتے ہی شہری رہائشی و کاروباری عمارتوں سے باہر نکل آئے اورسکول فوری طور پر بند کر د ئیے گئے ہیں۔
فلپائن کے سرکاری ٹی وی نے ایسی فوٹیجز نشر کی ہیں جن میں شہریوں کو کھلے میدانوں میں بیٹھے دیکھا گیا، یہاں تک کہ ہسپتالوں کا عملہ بھی مریضوں کو باہر لے آیا۔

فلپائن کے زلزلہ پیما ادارےکے مطابق اگلے 2 گھنٹوں میں بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں ایک میٹر اونچی لہروں کی پیش گوئی ئی کی گئی ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں ، زلزلے میں تاحال کسی بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔

فلپائن کے آتش فشاں اور زلزلہ پیما ادارے (Phivolcs) نے زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی ہے۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ فلپائن کے کچھ علاقوں میں 1 سے 3 میٹر بلند لہریں آ سکتی ہیں، جبکہ انڈونیشیا کے کچھ ساحلی علاقے اور جزیرہ نما ملک پلاؤ میں 30 سینٹی میٹر سے 1 میٹر تک کی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔
فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے کچھ ساحلی علاقوں میں انخلاء کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ جیسے ہی حالات محفوظ ہوں گے، تلاش، امداد اور بچاؤ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں گی، انہوں نے متاثرہ علاقوں کے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اونچی جگہوں کی طرف منتقل ہو جائیں اور جب تک حکام محفوظ ہونے کا اعلان نہ کریں، ساحل سے دور رہیں۔
آج صبح آنے والا یہ زلزلہ اس وقت آیا ہے جب فلپائن پہلے ہی قدرتی آفات کے ایک سلسلے سے شدید متاثر ہے، جنہوں نے ملک کے کئی حصوں کو تباہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2025 کو بھی فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے تباہی مچادی تھی جس کے نتیجے میں 74 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔




