ایس او پیز کی خلاف ورزی،مشہور آئسکریم کمپنی والز کا وئیر ہاؤس سیل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی بڑی کارروائی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مشہور آئسکریم کمپنی والز آئسکریم کا وئیر ہاؤس سیل۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ہمراہ ٹیم شہر کے مختلف آئسکریم وئیر ہاؤسز کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران وئیر ہاؤس کی خستہ حالی، آئسکریم ہینڈلنگ کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے والز آئسکریم کے وئیر ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے میڈیاکوبتایاکہ غیر معیاری آئسکریم کا استعمال بچوں میں پیٹ کی خرابی، جلدی الرجی، جگر و گردوں کے امراض، اور بڑوں میں معدے و دل کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئسکریم خریدتے وقت برانڈ، ایکسپائری ڈیٹ  اور فوڈ لائسنس نمبر ضرور چیک کریں اور غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری مصنوعات سے اجتناب کریں۔

عوام کی سہولت کے لیے فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔

فوڈ اتھارٹی نے یقین دلایا ہے کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت آئسکریم تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، کسی بھی بڑی یا معروف کمپنی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس، بیکریز، وئیر ہاؤسز اور دیگر فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔

عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمظفرآباد نے شہریوں سے کہا کہ وہ غیر معیاری یا مشکوک خوراک سے متعلق شکایات فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر درج کروائیں تاکہ فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دیدیا

Scroll to Top