گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے پر سیاسی طنز اور شاعرانہ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ علی امین گنڈاپور کو میر جعفر اور میر صادق جیسے کردار یا کرپشن اور نااہلی کی بنیاد پر عہدے سے نکالا گیا، یہ تو وقت بتائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک وزیراعلیٰ کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا، اور استعفیٰ دیکھ کر ہی مستعفی ہونے کی اصل وجہ کا پتہ چلے گا۔ اگر استعفے میں کوئی قانونی یا آئینی پیچیدگی ہو تو اسے واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔
گورنر نے علی امین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ پورے صوبے کے مالک بن جائیں، جو لوگوں کو نکالنے کے بڑے بڑے دعوے کرتا تھا، آج وہ خود صوبے سے باہر نکل گیا ہے اور کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔
خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر غور و خوض کے لیے گورنر اور صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عباد اللہ کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف نالائق اور کرپٹ تھے بلکہ میر جعفر اور میر صادق جیسا کردار ادا کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ کبھی علی امین کہتے تھے کہ ریاست کے ساتھ ہیں اور کبھی دہشتگردوں کے بیانیے کے ساتھ کھڑے نظر آتے تھے، ایسی غیر واضح پالیسی صوبے کے لیے تباہ کن تھی۔
انہوں نے نئے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی اہلیت پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ زیادہ قابل نہیں، اور صوبہ ان کی قیادت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں سیاسی بے یقینی کے باعث اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، گورنر کے بیانات اور اپوزیشن کی بڑھتی سرگرمیاں صوبے میں ایک نئے سیاسی بحران کی نشاندہی کر رہی ہیں، اور اگر اختلافات میں شدت آئی تو یہ مرکز اور صوبے کے تعلقات پر بھی اثر ڈال سکتی ہیں۔
گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ استعفیٰ دے دیا تھا، اور اپنے بیان میں کہا کہ یہ منصب عمران خان کی امانت تھا جسے اب واپس کر دیا ہے۔ انہوں نے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔
کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں-
اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں-— Faisal Karim Kundi (@fkkundi) October 8, 2025
دلچسپ بات یہ ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے سوشل میڈیا پر بھی شاعرانہ انداز میں تبصرہ کیا اور ایک شعر پوسٹ کیا
کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں،
اس طرح تو ہوتا ہے، اس طرح کے کاموں میں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، گورنر کے بیانات اور استعفیٰ کی غیر یقینی صورتحال نے خیبرپختونخوا میں سیاسی بے یقینی کو مزید گہرا کر دیا ہے، جبکہ عوام اور پارٹی کارکنان بھی اس اچانک تبدیلی پر پریشان اور حیران ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کے پیچھے حقیقت کیا ہے اور کیا ان کا جانشین پارٹی میں سیاسی استحکام لا پائے گا یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی پراکسی الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک، میجر سبطین حیدر شہید




