صدر ٹرمپ کی 80ویں سالگرہ پر وائٹ ہاؤس میں UFC فائٹ کا شو ڈاؤن

واشنگٹن (کشمیر ڈیجیٹل): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں الٹی میٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (UFC) کا بڑا شو ڈاؤن اُن کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا جائے گا، حالانکہ اس ایونٹ کا ابتدائی اعلان 4 جولائی کے لیے کیا گیا تھا۔

ورجینیا کے شہر نورفولک میں نیوی کے اہلکاروں سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے بتایا کہ آئندہ سال 14 جون کو وائٹ ہاؤس کے گراؤنڈ پر ایک بڑا UFC فائٹ ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں یہ ذکر نہیں کیا کہ 14 جون اُن کی سالگرہ کا دن بھی ہے، جب وہ 80 برس کے ہو جائیں گے۔ رواں سال اپنی 79ویں سالگرہ پر صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کے قیام کی یاد میں ایک فوجی پریڈ منعقد کی تھی۔

اگست میں UFC کے سربراہ ڈینا وائٹ نے اعلان کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس فائٹ شو 4 جولائی 2026 کو ہوگا، جو امریکہ کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر منایا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بھی متعدد بار UFC کے خونریز مقابلوں میں شریک رہ چکے ہیں، جہاں فائٹرز مکوں، لاتوں اور گرفتوں سے حریف کو ناک آؤٹ یا سرنڈر پر مجبور کرتے ہیں۔ 14 جون کا یہ مقابلہ امریکی سیاسی طاقت کے مرکز میں تاریخ کا پہلا UFC شو ڈاؤن ہوگا۔

ڈینا وائٹ کے مطابق اگلے سال کے آغاز میں وائٹ ہاؤس فائٹ کارڈ کی تیاری شروع کی جائے گی، جو ان کے بقول UFC کی تاریخ کا سب سے زبردست فائٹ کارڈ ہوگا۔

UFC دنیا کی سب سے بڑی مکسڈ مارشل آرٹس تنظیم ہے، جو باکسنگ، کک باکسنگ، جیو جِتسو اور ریسلنگ جیسے فنونِ حرب کو یکجا کرتی ہے۔

Scroll to Top