فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا سنیکس، پاپڑ اور مصالحہ جات کے گوداموں کااچانک معائنہ

مظفرآباد میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مختلف علاقوں میں سنیکس، پاپڑ اور مصالحہ جات تیار و فروخت کرنے والے مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔

اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کو بھی چیک کیا اور اشیائے خوردونوش کے معیار سمیت فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

ٹیم نے اجزاء کے درست استعمال، مصالحہ جات کے معیار، پیکنگ اور لیبارٹری رپورٹس کی موجودگی کو تفصیل سے جانچا۔ معائنے کے دوران سنیکس، پاپڑ، مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خوردونوش کے نمونے حاصل کیے گئے جنہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا۔

فوڈ بزنس آپریٹرز اور ڈیلیوری عملے کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ابرار احمد میر نے مزید کہا کہ ان معائنوں اور اصلاحی اقدامات کا مقصد فوڈ بزنس آپریٹرز میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے تاکہ ہر شہری تک محفوظ خوراک پہنچ سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری یا غیر رجسٹرڈ اشیاء کی شکایات فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: شوگر ملز ایسوسی ایشن کا حکومت کو خط،چینی کی ترسیل میں رکاوٹ،قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

Scroll to Top