اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر: پاکستان، افغانستان میچ غیر یقینی صورتحال کا شکار

پاکستان اور افغانستان کے درمیان 9 اکتوبر کو اسلام آباد میں شیڈیولڈ اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میچ پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں کیونکہ افغانستان فٹبال ٹیم کو تاحال مکمل ویزے جاری نہیں ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق اب تک صرف 3 کھلاڑیوں اور 10 آفیشلز کو پاکستان کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ صرف وہی افراد ویزہ حاصل کرسکے جو کابل میں پاکستانی سفارتخانے جا کر بائیو میٹرک کروا چکے تھے۔

افغانستان سے باہر مقیم کھلاڑیوں کو ویزے نہیں مل سکے کیونکہ افغان فٹبال فیڈریشن نے ان پلیئرز کے لیے بھی انٹرویو اور بائیو میٹرک کا مقام کابل ہی درج کیا تھا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزوں میں تاخیر افغانستان کی جانب سے درخواست دیر سے جمع کرانے اور غلط مقام درج کرنے کے باعث ہوئی۔ افغان حکام نے 27 ستمبر کو ویزہ درخواستیں جمع کرائیں، جب کہ ریفرنس نمبر 2 اکتوبر کو پی ایف ایف کو موصول ہوا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے پر ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) سے رابطہ کر لیا ہے اور اے ایف سی کو آگاہ کر دیا ہے کہ تاخیر افغانستان کی غلطی کے باعث ہوئی۔

پی ایف ایف ذرائع کے مطابق، افغانستان کی جانب سے دیر سے ویزہ اپلائی کرنا اے ایف سی کمپیٹیشن ریگولیشن کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت ٹیموں کو میزبان ملک کا ویزہ کم از کم 30 روز پہلے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کو جدید فضائی میزائل ٹیکنالوجی کے خریداروں میں شامل کرلیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر معاملہ حل نہ ہوا تو پاکستان فٹبال فیڈریشن افغانستان کی غلطی کی بنیاد پر واک اوور کیس اپلائی کرے گی۔ دوسری جانب اے ایف سی اس وقت ری شیڈولنگ اور واک اوور دونوں آپشنز پر غور کر رہا ہے، جبکہ پی ایف ایف بقیہ کھلاڑیوں کے لیے ویزہ آن ارائیول کلیئرنس حاصل کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

Scroll to Top