کشمیر کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری، پہاڑ سفید چادر میں ڈھک گئے

کشمیر میں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی وادیٔ نیلم کے بلند پہاڑوں پر پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ مکڑا پہاڑ اور اڑنگ کیل کے پہاڑوں پر تازہ برف باری کے بعد علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق، پیر کے روز کشمیر،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا علاقوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔

سیاحتی مقام اڑنگ کیل اور اس کے گردونواح میں برفباری کے بعد مناظر نہایت دلفریب ہو گئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق، سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وادی میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، جبکہ لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے اور سرد موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ مظفرآباد میں موسلادھار بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور میں بارش ہوئی جبکہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی سے تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں اور آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بعض پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

Scroll to Top