کوالالمپور: (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعزاز میں ملائیشیا میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ ملائیشیا کے دوران اپنے ہم منصب انور ابراہیم کے دفتر پہنچے، جہاں ملائیشین وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنما آپس میں گلے ملے، جبکہ ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جس کے بعد وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزرا اور اعلیٰ حکام سے مصافحہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی اپنے ملائیشین ہم منصب سے ملاقات شیڈول ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت اور کئی معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم گزشتہ رات سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے تھے، جہاں بنگا رایا ایئرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم انور ابراہیم نے شہباز شریف کی رہائش پر آ کر ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، جس پر وزیراعظم پاکستان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔”
یہ بھی پڑھیں: گاجر صرف بینائی نہیں دل اور جلد کے لیے بھی فائدہ مند
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔




