احسن اقبال

آزاد کشمیر میں امن کی بحالی جمہوریت اور عوام کی کامیابی ہے : احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں حالات مکمل طور پر معمول پر آگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوامی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے مذاکرات کیے گئے جو جمہوریت اور عوام کی کامیابی ہے ۔

وزیراعظم کی ہدایت پر مظفرآباد جانے والی حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان بات چیت کامیابی سے مکمل ہوگئی، جس کے بعد ہڑتال ختم کر دی گئی اور زندگی معمول پر آگئی ۔

کمیٹی کے ارکان نے اسلام آباد واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل بات چیت سے حل کر لیے گئے ہیں اور وفاقی حکومت اپنے کیے گئے وعدے پورے کرے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کے تسلیم کردہ مطالبات کی فہرست جاری

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیر میں حالیہ کشیدگی افسوسناک تھی مگر اب امن بحال ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا، بلکہ تحریکوں کو کمزور کرتا ہے۔ وفاقی حکومت کے بروقت اقدامات سے مذاکرات کامیاب ہوئے اور عوام نے سکھ کا سانس لیا ۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کے بروقت فیصلے سے صورتحال قابو میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا اور بھارت کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزیراعظم نے بروقت کمیٹی بنا کر درست فیصلہ کیا ۔ مسائل کا حل مکالمے اور محبت سے ہی ممکن ہے اور کوئی بھی طاقت پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتی ۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں ، امن بحال ہوچکا ہے اور مسائل کے حل کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے ۔ یہ مذاکراتی کامیابی آزاد کشمیر کے عوام، جمہوریت اور مکالمے کی جیت ہے ۔

Scroll to Top