واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اشارہ دیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت خطے کے تمام رہنما ایک خاص مقصد کے لیے متحد ہیں اور مثبت پیش رفت جاری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ امن منصوبے کی تجاویز پر اسرائیل اور عرب رہنماؤں کی جانب سے بہت اچھا رد عمل ملا ہے۔ ان کے مطابق “تمام لوگ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں” اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی امید ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ تجاویز کا مقصد صرف غزہ میں جنگ بندی نہیں بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنا ہے۔ ان کے مطابق پہلی بار کچھ خاص ہونے جا رہا ہے اور یہ معاہدہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں جنگ بندی معاہدے کے فریم ورک پر غور ہوگا۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن، اسرائیلی اور عرب رہنماؤں کے ساتھ انتہائی پیچیدہ مذاکرات میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سےاونچاپل چین میں عوام کے لیے کھول دیا گیا
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دو روز قبل بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ جلد ممکن ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔




