میونخ : جرمن کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو نے اپنی لگژری گاڑیوں کے مالکان کو فوری طور پر خبردار کر دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں گھروں یا عمارتوں کے قریب پارک نہ کریں کیونکہ ان میں آگ لگنے کا خطرہ موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق 2015 سے 2021 کے درمیان تیار کیے گئے بعض ماڈلز میں ایسی خرابی سامنے آئی ہے جس کے باعث پانی اسٹارٹر موٹر میں داخل ہو سکتا ہے، جو زنگ اور شارٹ سرکٹ کا سبب بنتا ہے۔ اس خرابی کے نتیجے میں گاڑی کھڑی ہونے یا سفر کے دوران اچانک آگ پکڑ سکتی ہے۔
بی ایم ڈبلیو اور امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (NHTSA) نے مالکان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ گاڑیاں فی الحال کھلی اور محفوظ مقامات پر پارک کریں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ مرمت کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، جس میں اسٹارٹر موٹر اور بعض صورتوں میں بیٹری کو تبدیل کیا جائے گا، اور یہ سہولت گاڑیوں کے مالکان کو بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بی ایم ڈبلیو کو اس نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ 2018 میں جنوبی کوریا نے کمپنی پر 1 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا کیونکہ ایک سال کے دوران 50 گاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ اُس وقت بھی انکشاف ہوا تھا کہ بی ایم ڈبلیو نے 1 لاکھ 72 ہزار گاڑیاں بروقت واپس نہیں بلائیں۔
یہ بھی پڑھیں: میگنیشیم گلائسینیٹ پٹھوں کی ریکوری اور تھکن کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے