ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیدیا

دبئی: فائنل میں پہنچنے کی جنگ،ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا ۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے۔محمد حارث 31 اور محمد نواز 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلادیش کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے والے پلیئر ہی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

پاکستان کی اننگز

بنگلادیش کے خلاف پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور ایک کے بعد ایک بیٹر آؤٹ ہوتا گیا ۔49کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اوپنر صاحبزادہ فرحان 4 اور صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے۔صائم ایشیا کپ 2025 میں چوتھی بار صفر پر پویلین لوٹے ۔

پاکستان کی تیسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری ،وہ بھی 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے جبکہ حسین طلعت صرف 3 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نئے آنے والے بلے حسین طلعت بھی محض تین رنز بنا کر ہی پویلین چلتے بنے، کپتان سلمان علی آغا کی مزاحمت بھی 19 رنز پر دم توڑ گئی جبکہ شاہین آفریدی بھی 13 گیندوں پر 19 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کا ساتواں نقصان محمد حارث کی صورت میں ہوا جب وہ 23 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد نواز بھی 25 رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ فہیم اشرف 14 اور حارث رؤف 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، رشاد حسین اور مہدی حسن نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو فائنل کا دروازہ کھولنے کیلئے ہر صورت میں ٹائیگرز کو زیر کرنا ہو گا، فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی جو اتوار کو بھارت کے ساتھ مقابلہ کریگی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

Scroll to Top