وادی نیلم کے سب ڈویژن شاردہ میں تحصیل بار ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آ گیا، نوجوان قانون دان عبدالصمود اعوان بانی صدر منتخب ہوگئے۔ افتتاحی تقریب میں صدر سپریم کورٹ بار، صدر ہائی کورٹ بار، جنرل سنٹرل بار مظفرآباد اور الیکشن بورڈ کے ممبران نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانی صدر عبدالصمود اعوان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس خدمت کے لیے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے اپنے 24 ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور خاص طور پر ایڈووکیٹ خواجہ سجاد کا ذکر کیا جو سپریم کورٹ اسلام آباد کی ممبرشپ چھوڑ کر شاردہ بار کے رکن بنے۔ عبدالصمود اعوان نے خواجہ عامر رشید کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل مرحلہ معاملات کے انتظام کو سنبھالنا ہے کیونکہ وکلا، پولیس، جج اور عوام چار ایسے ستون ہیں جو مل کر انصاف کے نظام کو چلاتے ہیں اور یہ سب ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں۔
بانی صدر نے کہا کہ یہاں فی الحال عدالت موجود نہیں ہے لیکن انشاءاللہ مستقبل میں شاردہ میں عدالت بھی قائم ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنی وکالت کے دوران انہوں نے یتیموں اور بیواؤں سے کبھی فیس وصول نہیں کی، کیونکہ نظام فیس سے نہیں بلکہ اللہ کے فضل سے چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ عوام کے لیے بنایا گیا ہے اور جلد اس کی بہتر اور مؤثر شکل سامنے آئے گی، جو ایک شاندار ادارے کی صورت میں ترقی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ کا نایاب سرخ چاول، قدیم روایت کا حصہ
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ادارے کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدام شاردہ اور وادی نیلم کے عوام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔