مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 1044 تک پہنچ گئی۔ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز سی ڈی سی آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 1044 سے تجاوز کرگئی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کیسز ضلع مظفرآباد میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں اب تک 685 مریض سامنے آچکے ہیں۔ جہلم ویلی میں 16، نیلم میں 19، باغ میں 81، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 7، پونچھ میں 30، کوٹلی میں 15، میرپور میں 193 جبکہ بھمبر میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے ۔
ڈینگی بخار کے باعث اب تک 252 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل کیے گئے جن میں سے 209 صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 43 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ ڈینگی سے اب تک کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
صحت حکام کے مطابق سب سے زیادہ مریض شیخ خلیق بن زیاد اسپتال/سی ایم ایچ مظفرآباد میں زیر علاج رہے جہاں مجموعی طور پر 97 مریض داخل ہوئے، جن میں سے 80 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
دیگر ہسپتالوں بشمول اے آئی ایم ایس مظفرآباد، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور اور دیگر مراکز میں بھی مریضوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے، گھروں اور گلی محلوں میں پانی کے ذخائر کو ختم کرنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو مزید روکا جا سکے۔