مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن اور کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں منعقد ہونے والا تاریخی و شاندار پاکستان زندہ باد کنونشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیری عوام آج بھی پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری اور وابستگی پر اسی طرح قائم ہیں جس طرح ہمارے اسلاف نے 19 جولائی 1949 کو قراردادِ الحاق پاکستان کے وقت اعلان کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمعیہ ساجد نے کہا کہ یہ کنونشن کشمیری عوام کی طرف سے دنیا کو دوٹوک پیغام ہے کہ کشمیر کی منزل پاکستان ہے اور ہمیشہ پاکستان ہی رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اجتماع نے نہ صرف پاکستان کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط کیا ہے بلکہ نئی نسل کے دلوں میں بھی اس عہدِ وفا کو تازہ کر دیا ہے۔
سمعیہ ساجد نے کہا کہ سردار عتیق احمد خان کی ولولہ انگیز قیادت اور مسلم کانفرنس کی مسلسل جدوجہد نے ایک بار پھر کشمیری عوام کو متحد کر دیا ہے اور یہ بات واضح کر دی ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خود ارادیت اور پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجتماع کشمیری عوام کے جذبات، قربانیوں اور پاکستان سے لازوال محبت کا مظہر ہے جسے کسی دباؤ یا جبر سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس ہی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ کشمیری عوام کو صحیح سمت دکھائی اور آج بھی اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو اپنی منزل سمجھتی ہے۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کنونشن کا کامیاب انعقاد نئی تاریخ رقم کر گیا ہے اور اس نے یہ پیغام دیا ہے کہ کشمیری عوام ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، صارفین کو نیا جھٹکا




