پی ٹی آئی احتجاج روکنے کاپلان،امیدوار اسمبلی راجہ الیاس بھی گرفتار

نیلم ، مظفر آباد( نمائندگان کشمیر ڈیجیٹل) پی ٹی آئی کی آج 8 فروری( ہفتہ ) کو احتجاج کی کال پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے  سابق امیدوار اسمبلی میاں اخلاق الرسول ، راجہ محمد الیاس خان اور سردار نسیم بیگ سمیت تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

آزادکشمیر کی انتظامیہ نے ممکنہ احتجاج روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی، نیلم سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق امیدوار اسمبلی میاں اخلاق الرسول کی  گرفتاری کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے،میاں اخلاق الرسول کے ہمراہ سردار نسیم بیگ کو بھی کنڈل شاہی سے گرفتار کر کے سٹی تھانہ پولیس آٹھ مقام منتقل کیا گیا۔

میاں اخلاق الرسول نے اپنی گرفتاری کے موقع پر کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا، میاں اخلاق الرسول کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، انوار حکومت جتنے مرضی ہتھکنڈے اپنا لے ہمارا احتجاج ضرور ہوگا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سابق امیدوار آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی راجہ محمد الیاس خان کو بھی پولیس نے مظفرآباد سے گرفتار کرلیا جبکہ تحریک انصاف کے روپوش کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے رات گئے تک جاری رہے ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ٹاون کمیٹی کیل سردار امجد کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:سردار حبیب ضیاء کے گھر پر چھاپہ، مظفرآباد پولیس سردار عبدالقیوم نیازی کو گرفتار کرنے میں ناکام

ہٹیاں بالا کی یونین کونسل گوجر بانڈی کے ممبر سید حماد کاظمی، پی ٹی آئی گوجربانڈی کے متحرک کارکن مبشر گھکڑ کو بھی چناری پولیس نے گرفتار کر لیا۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار قیوم نیازی کی گرفتاری کیلئے پولیس نے ان کے بھائی ریٹائرڈ جسٹس سردار حبیب ضیاء کے گھر مظفر آباد میں چھاپہ مارا تھا۔

پولیس قیوم نیازی اور انکے بھتیجے کو گرفتار کرنے آئی تھی، ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور انکے بھتیجے سردار مطیب ایڈووکیٹ چھاپے سے قبل ہی نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے،جسٹس (ر )سردار حبیب ضیاءکے گھر پرپولیس کو شدید مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ روز جہلم ویلی میں تحریک انصاف کے ایک عہدیدار کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اس کے علاوہ بھی کئی کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں جبکہ کچھ رہنما روپوش ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو پاکستان میں انتخابات کا سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف نے احتجاج کی کا ل دی تھی جو گزشتہ روز واپس لے کر صرف صوابی جلسے کا اعلان کیاگیا ہے اس کے باوجود مظاہرے روکنے کیلئے پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے۔

 

 

 

Scroll to Top