ایف بی آر کا سوشل میڈیا پر دولت دکھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اُن امیر افراد اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو اپنی پرتعیش زندگی کا مظاہرہ تو کرتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوتے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، محکمے نے تقریباً ایک لاکھ افراد کا ڈیٹا تیار کر لیا ہے جو مہنگی گاڑیوں، عالیشان بنگلوں، قیمتی زیورات اور پرشکوہ تقریبات کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ شادیوں پر بے تحاشہ اخراجات کرنے والوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ غیر فائلرز انفلوئنسرز کی تفصیلات نادرا کے ریکارڈ سے حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ ایف بی آر کے پاس ان کے بینک اکاؤنٹس، غیر ملکی سفر، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز سمیت دیگر اخراجات کا مکمل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد اپنے ٹیکس ریٹرنز میں اپنی پرتعیش زندگی کو ظاہر نہیں کرتے اُن کے خلاف کارروائی ہو گی۔ اس سال تقریباً 80 فیصد ریٹرنز کا آڈٹ کیا جائے گا اور گزشتہ سال کے ریٹرنز کے ساتھ تقابل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا ’مشن نور‘ متنازع، اعلیٰ مرکزی قیادت مخالفت میں سامنے آ گئی

ذرائع کے مطابق، جن افراد نے اپنی سالانہ آمدن میں اضافے کو ظاہر نہیں کیا انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ البتہ جو افراد اپنے ٹیکس ریٹرنز کو اپ ڈیٹ کر لیں گے، فی الحال ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top